PTV News Short Report on Minister of Foreign Affairs Shah Mahmood Qureshi Speech at General Debate 73rd session UN

610

PTV News Short Report on Minister of Foreign Affairs Shah Mahmood Qureshi Speech at General Debate 73rd session UN

PTV News Short Report on Minister of Foreign Affairs Shah Mahmood Qureshi Speech at General Debate 73rd session UN General Assembly New York (29.09.18)
#PTI #SMQatUNGA #ShahMahmoodQureshi #UnitedNations #UNGA

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کشمیر کا تصفیہ طلب معاملہ پاکستان اور بھارت کے درمیان پائیدار امن کے ہدف کے حصول کی راہ میں بنیادی رکاوٹ ہے۔نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے تہترویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے بغیر جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن کا قیام نا ممکن ہے۔وزیرخارجہ نے کہا کہ گزشتہ ستر سال سے کشمیر کا معاملہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر بدستور موجود ہے جو انسانیت کے ضمیر پر ایک بدنما داغ ہے۔انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کے شدید مظالم اور بنیادی انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزیوں کے باوجود کشمیری اپنے حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے کشمیر کے معاملے پر انسانی حقوق کے ہائی کمشنر کے دفتر کی جانب سے حال ہی میں جاری کردہ اس رپورٹ کا خیر مقدم کیا ہے جس میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں کئی عشروں سے جاری ظلم وستم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بے نقاب کیا گیاہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کے بارے میں اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ہائی کمشنر نے تنازعہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کی تائید کی ہے۔وزیرخارجہ نے اقوام متحدہ کے زیر اہتمام ایک تحقیقاتی کمیشن کے قیام پر زور دیا جو انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزیوں کی تحقیقات اور اس کے ذمہ داروں کا تعین کرے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہشمند ہے لیکن بھارت نے بے بنیاد اور من گھڑت وجوہات کی بنیاد پر پاکستان کے ساتھ بار بار مذاکرات معطل کئے۔

شاہ محمو قریشی نے کہا کہ پاکستان کو دہشتگردی کا سامنا ہے جس کیلئے ہمارا ہمسایہ ملک فنڈنگ، سہولت کاری اور منصوبہ سازی کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم بے گناہ پاکستانیوں کو بھارت لے جانے والی سمجھوتا ایکسپریس پر دہشتگرد حملے کو کبھی نہیں بھولیں گے اور اب اس واقعے میں ملوث افراد کو آزادی سے گھومنے کی اجازت ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ گرفتار ہونے والے بھارتی بحریہ کے افسر کمانڈر کلبھوشن یادیو نے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ اس نے اپنی حکومت کی ہدایات اور فنڈنگ سے پاکستان میں دہشتگردی اور تشدد کی کارروائیوں کی منصوبہ بندی کی۔انہوں نے عالمی برادری کو بتایا کہ پاکستان کی حکومت اپنے ہمسایہ ملکوں اور دنیا بھر میں امن، سلامتی اور خوشحالی کیلئے اشتراک عمل کی پالیسی کی پاسداری کی خواہاں ہے۔افغانستان کے بارے میںوزیرخارجہ نے کہا کہ افغان مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں اور افغانستان میں داعش کی بڑھتی ہوئی موجودگی کے تناظر میں مذاکراتی حل کی اشد ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانوں کی اپنی سرپرستی میں انہی کے شروع کردہ امن عمل اور مصالحت کیلئے تعاون جاری رکھے گا